ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / امبریش سے منسوب فلم سٹی اور راجکمارسے منسوب فلم یونیورسٹی قائم ہوگی: کمار سوامی

امبریش سے منسوب فلم سٹی اور راجکمارسے منسوب فلم یونیورسٹی قائم ہوگی: کمار سوامی

Fri, 30 Nov 2018 23:50:16    S.O. News Service

بنگلورو،30؍نومبر(ایس او نیوز) سابق وزیراعلیٰ اور حکمران اتحاد کے چیرمین سدرامیا کے اس مشورے کو کہ معروف فلم اداکار امبریش سے منسوب ایک فلم سٹی کا قیام میسور میں کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ کمار سوامی نے منظور کرلیا ہے، آج شہر کے امبیڈکر بھون میں کرناٹکا فلم چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام امبریش کی یاد میں منعقدہ تعزیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کمار سوامی نے یہ اعلان کردیا کہ میسور میں امبریش سے منسوب فلم سٹی قائم کی جائے۔ سابق وزیراعلیٰ کی اپیل پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ جب سدرامیا نے کہہ دیا ہے تو اسے انکار کیسے کیا جاسکتاہے۔حکومت کی طرف سے میسور میں فلم سٹی ضرور قائم ہوگی، اسی طرح رام نگرم میں بھی ایک فلم یونیورسٹی قائم ہوگی۔جو ڈاکٹر راجکمار سے منسوب ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ پڑوسی ریاستوں میں جس طرح کی فلم سٹی قائم کی گئی ہے وہاں کے انتظامات اور سہولتوں کا جائزہ لے کر انہی خطوط پر فلم سٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔اس کے ساتھ ہی ریاست کی ممتاز فلمی ہستیوں سے بھی اس ضمن میں انفرادی مشورے کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ایک اور معروف فلم اداکار وشنو وردھن سے منسوب پراجکٹوں کو بھی جلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے اس تاثر کو مسترد کردیا کہ وشنو وردھن کو وہ پسند نہیں کرتے، اسی لئے ان کی یادگار تعمیر کرنے میں تاخیر سے کام لیا جارہاہے۔ کمار سوامی نے کہاکہ کسی سے ان کی کوئی ذاتی رنجش نہیں ہے۔ وشنو وردھن کے داماد انیرود پر دبے الفاظ میں نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے آنجہانی اداکار کے شایان شان خراج عقیدت پیش کی جائے گی، اس کے لئے کسی کو دباؤ ڈالنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ سابق وزیراعلیٰ سدرامیا نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریاست کے تین سرکردہ اداکار ، راجکمار ، وشنو وردھن اور امبریش کی فلم انڈسٹری کے لئے خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ امبریش سے اپنی دیرینہ وابستگی کا تذکرہ کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ امبر یش سے ان کی پہلی ملاقات 1973 میں ہوئی تھی جب وہ ایک وکیل تھے۔ اس موقع پر امبریش کے افراد خانہ کے علاوہ فلم انڈسٹری کی ممتاز ہستیاں ، وزراء اور اراکین اسمبلی وغیرہ موجود تھے۔


Share: